سرینگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر سیب، بادام، اخروٹ اور زعفران کی پیدا وار میں پہلے نمبر پر ہے۔ یونین ٹریٹری کو 'فروٹ بوول آف انڈیا' کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جموں وکشمیر فوڈ پروسیسنگ اینڈ ویلنس کانکلیو کا افتتاح کرنے کے موقع پر سماجی رابطہ گا 'ایکس' پر سلسلہ وار پوسٹس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'آج صبح جموں وکشمیر فوڈ پروسیسنگ اینڈ ویلنس کانکلیو کا افتتاح کیا اس دو روزہ کانکلیو نے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے صنعت کے لیڈروں، پالیسی سازوں اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے شراکت داروں کو ایک ہی جگہ مجتمع کیا'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'جموں وکشمیر سیب، بادام، اخروٹ اور زعفران کی پیداوار میں پہلے نمبر پر ہے، اس کو 'فروٹ بوول آف انڈیا' کے نام سے جانا جاتا ہے'۔ سنہا نے کہا کہ 'فوڈ پروسیسنگ سیکٹر میں استحکام پھلوں کے کاشتکاروں کی تقدیر بدلنے اور اقتصادی ترقی کے لئے کلیدی محرک کا کر دار ادا کرے گا'۔