جموں و کشمیر پولیس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کی تجہیز و تکفین میں مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’پولیس پر عائد کیے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔‘‘
جموں و کشمیر پولیس نے آئی جی پی کشمیر کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ’’پولیس پر عائد کیے جارہے الزامات بے بنیاد ہیں۔ سید علی گیلانی کے جسد خاکی کو گھر سے قبرستان تک پہنچانے میں پولیس نے سہولت فراہم کی، چونکہ شرپسند عناصر کی جانب سے صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھانے کا خدشہ تھا۔‘‘
انہوں نے ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ’’ (سید علی گیلانی کی) آخری رسومات میں ان کے رشتہ داروں نے شرکت کی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یکم ستمبر کی شام کشمیر کے بزرگ علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی اپنی رہائش گاہ واقع حیدرپورہ، سرینگر میں انتقال کرگئے۔ دوران شب ہی ان کی تجہیز و تکفین انجام دی گئی۔