سرینگر:جموں و کشمیر کے مین اسٹریم سیاسی لیڈران پر مشتمل ایک کل جماعتی وفد نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی قیادت میں جمعرات کو نئی دہلی میں نیشنل اپوزیشن لیڈروں اور الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ملاقات کرے گا۔ وفد میں شامل ایک لیڈر نے کل جماعتی وفد کے نئی دہلی پہنچنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج ہی قومی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ وفد میں شامل ایک لیڈر کا کہنا ہے کہ علاقائی سیاسی جماعتوں کا وفد پہلی بار دوپہر ایک بجے کے قریب نئی دہلی میں قومی اپوزیشن لیڈروں اور الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ملاقات کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی رہنماؤں اور پولنگ باڈی کے ساتھ ملاقات کے وقت اور طریقہ کار کا فیصلہ اسی کے مطابق کیا جائے گا۔ قبل ازیں 11 مارچ کو نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں میں ایک آل پارٹی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں سبھی مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کے لیڈران کو مدعو کیا گیا تھا اور اکثر سیاسی جماعتوں نے آل پارٹی میٹنگ میں شمولیت اختیار کی۔
یہ بھی پڑھیں:Oppositions Meets With Kharge ملکارجن کھرگے کے دفتر پر ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ آج