عالمی وبا کورونا وائرس کے چلتے جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے آٹھویں اور نویں جماعت کے طلبہ کو ماس پرومیشن دئیے جانے کی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے ان جماعتوں کے سالانہ امتحانات منعقد کئے جانے کا اعلان کیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری نوٹفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ آٹھویں کے سالانہ اور نویں جماعت کے ٹی ٹو امتحانات اسکول سطح پر ہی منعقد کئے جارہے ہیں۔
آٹھویں اور نویں جماعت کے طلبہ و طالبات کو بھی دسویں اور بارہویں جماعت کی طرز پر نصاب میں 40 فیصد کی رعایت دی گئی ہے۔ جس کے مطابق بچوں کا 60فیصد سالانہ نصاب کا ہی امتحان لیا جائے گا جوکہ سو فیصد تصور کیا جائے گا۔
آٹھویں اور نویں جماعت کے امتحانات اسکولی سطح پر ہی منعقد ہونگے ادھر نوٹیفیکشن کے مطابق آٹھویں اور نویں جماعت کے سالانہ امتحانی پرچے اسکولی سطح پر ہی ترتیب دئیے جائیں گے۔
عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے وادی کشمیر میں تعلیمی ادارے سب سے زیادہ متاثر رہے، اسکولوں اور کالجوں میں پڑھائی نہ ہونے کے نتیجے میں امسال طلبہ و طالبات اپنا نصاب بھی مکمل نہیں کر پائے۔
انتظامیہ کی جانب سے گرچہ آن لائن درس و تدریس کا نظم ترتیب دیا گیا تھا، تاہم تیز رفتار انٹرنیٹ (4G) کی عدم موجودگی کے سبب اکثر و بیشتر طلباء کی جانب سے آن لائن نظام تعلیم کی نکتہ چینی کی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔