سرینگر:عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر اور شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی دختر بیگم خالدہ شاہ نے اپنے والد کی 118 ویں یوم پیدائش پر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔عوامی نیشنل کانفرنس کی سربراہ بیگم خالدہ شاہ نے کہا کہ شیر کشمیر کی جدوجہد ایک کھلی کتاب ہے اور انہیں سینکڑوں سالوں کے بعد عام عوام کو غربت اور محکومی سے نکالنے میں ان کی خدمات کے لیے ایک رہنما، استاد، لیڈر، دوست اور فلسفی کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چاہے کاشتکاروں کو حق کاشت ہو، مفت تعلیم ہو، خواتین کی آزادی ہو، جموں و کشمیر میں یونیورسٹیوں کا قیام ہو، ریاست کے تینوں خطوں کے لیے ہمہ جہت ترقیاتی پروگراموں کے ساتھ سڑکوں، ہسپتالوں، تعلیمی مراکز کے لیے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہو کسی لیڈر کی طرف سے اپنے لوگوں کے لیے اس طرح کی شراکت کا کوئی مثال نہیں ہے۔
بیگم خالدہ شاہ نے مزید کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس جموں و کشمیر کے آبادیاتی کردار کو تبدیل کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرنے کا ڈرامہ اس مقصد کی طرف پہلا قدم تھا جس کا تصور سابقہ جن سنگھ نے کیا تھا، جو اب آر ایس ایس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر اور لداخ صوبوں کی بڑی اکثریت بندوق کی نلی سے نافذ کیے گئے یکطرفہ فیصلے اور جموں و کشمیر ریاست کے آئین اور ہندوستان کے آئین کی سنگین خلاف ورزی کو کبھی بھی قبول نہیں کرے گی۔