سرینگر: جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں خوشگوار ماحول کے بیچ امسال عید گاہ میں عید نماز ادا کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عید گاہ ہمارے شہر کا چہرہ ہے جس کو خوبصورت بنایا جائے گا۔موصوف چیئرپرسن نے ان باتوں کا اظہار منگل کو عید گاہ کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'ابھی موسم خراب ہی ہے ہم نے آپ سے کہا ہے کہ ہم انشا اللہ اس سال عید گاہ میں عید نماز ادا کریں گے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'آج ساری انتظامیہ یہاں موجود ہے تاکہ کشمیر میں جو خوشگوار ماحول ہے اس میں عیدگاہ میں خوشیوں کے ساتھ عید نماز پڑھی جائے ہم اس کے لئے کوشاں ہیں'۔
ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ عیدگاہ میں نماز ادا کرنے کے لئے تمام تر انتظامات کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ماضی میں عیدگاہ میں عید نماز کے بعد امن و قانون کی صورت حال بگڑنے کے متعلق پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'ماضی کی بات مت کرئے آج کا کشمیر امن، خوشحالی اور ترقی چاہتا ہے اور ہم آج یہاں خوشی کے ماحول میں نماز ادا کریں گے'۔ان کا کہنا تھا کہ عید گاہ ہمارے شہر کا چہرہ ہے جس کو خوبصورت بنایا جائے گا۔