سرینگر (نیوز ڈیسک):اسرائیل ڈیفنس فورسز کے وفد کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ڈی فیکٹو بارڈر - لائن آف کنٹرول (ایل او سی) - کا دورہ کرایا گیا۔ اسرائیل اور بھارت کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری اور قدیم دوستانہ تعلقات ہیں۔ اسرائیلی دفاعی افواج ماضی میں بھارتی مسلح افواج کے ساتھ فوجی مشقیں کر چکی ہیں۔
اسرائیل کی دفاعی افواج کے وفود کو ماضی میں بھی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دورے کرائے گئے ہیں تاکہ ان علاقوں میں کام کرنے والے پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی نگرانی اور ان سے مقابلہ کرنے کے لیے بھارتی مسلح افواج کی جانب سے استعمال میں لائے جا رہے دراندازی مخالف آپریشنز کے بارے میں جانکاری حاصل کی جا سکے۔ قابل ذکر ہے کہ بھارتی افواج جموں و کشمیر میں طویل عرصے سے عسکریت پسندی سے نمٹ رہی ہے۔ حکومت ہند کا دعویٰ ہے کہ کشمیر میں جاری عسکریت پسندی کو پاکستان کی جانب سے مختلف وسائل اور ذرائع سے فروغ اور حمایت حاصل ہے۔ لائن آف کنٹرول پر دراندازی کشمیر میں جاری شورش اور عسکریت پسندی کو مزید تقویت فراہم کر رہی ہے جس سے نمٹنے کے لیے بھارتی افواج کی جانب سے مختلف تکنیک اور وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔