جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ گوشت کی قیمتیں طے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے کو التوا میں رکھنے کی وجہ سے وادی کے لوگوں کو گوشت سے محروم رکھنے کی سازش بھی ہوسکتی ہے۔
الطاف بخاری سرینگر میں اپنی پارٹی کے یومِ تاسیس پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس دوران انہوں نے کہا کہ ’’نا اہلی کی وجہ سے جموں و کشمیر خاص کر وادی میں انتظامیہ گوشت کی قیمتیں طے کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ وہیں، قصابوں اور انتظامیہ کے مابین تکرار ختم ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔‘‘
انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’’موجودہ انتظامیہ کی عوام کو گوشت سے محروم رکھنے کی سازش بھی ہوسکتی ہے۔ اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ قیمتوں کے تعین پر کشیدگی برقرار رہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ وادی کی کثیر آبادی گوشت کھانے کی شوقین ہے۔ وہیں، دوسری طرف آنے والی شیو راتری پر گوشت سے اجتناب کیا جاتا ہے۔