اردو

urdu

ETV Bharat / state

'انٹرنیٹ خدمات جلد بحال ہوں گی' - انٹرنیٹ پابندی

جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کے مشیر فاروق خان نے کہا کہ وادی کشمیر میں 4 اگست سے بند انٹرنیٹ خدمات کو بہت جلد بحال کیا جائے گا تاہم انہوں نے بحالی کے لیے کوئی بھی تاریخ مقرر کرنے سے صاف انکار کردیا۔

جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کے مشیر فاروق خان
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کے مشیر فاروق خان

By

Published : Dec 5, 2019, 11:29 PM IST

انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر کی صحافتی برداری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انٹرنیٹ پابندی کو اب تک برداشت کیا، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ انسانی جانوں کے زیاں کو روکنے کے لیے مواصلاتی خدمات کو معطل کرنا ضروری تھا۔
فاروق خان نے جموں و کشمیر کے مزید بٹوارے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا جب ایسا کچھ کرنا ہوگا تو صحافیوں کو مطلع کیا جائے گا۔ انہوں نے وادی کشمیر کی صورتحال کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو باری باری رہا کیا جارہا ہے اور انہیں عمر بھر بند نہیں رکھا جائے گا۔
فاروق خان جمعرات کو یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقدہ شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے 37 ویں یوم تاسیس کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔

وادی کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات کی بحالی کے متعلق پوچھے جانے پر مشیر موصوف نے کہا: 'انٹرنیٹ جلد چالو ہوجائے گا، جس دن چالو ہوگا آپ کو پتہ چل جائے گا۔ صورتحال تیزی کے ساتھ بہتر ہورہی ہے۔ وہ دن دور نہیں جب آپ اپنے انٹرنیٹ کنکشنز کا استعمال کریں گے'۔

جب ایک خاتون صحافی نے مشیر موصوف سے پوچھا کہ وادی میں سرما بھی شروع ہوا ہے اور انٹرنیٹ کی معطلی جاری ہے تو ان کا جواب تھا: 'کیا انٹرنیٹ کا سرما سے کوئی لینا دینا ہے؟ ہم آپ کی پریشانیوں کو سمجھتے ہیں۔ میں صحافتی برداری کا شکر گزار ہوں جو انٹرنیٹ پابندی کو اب تک برداشت کررہے ہیں۔ نارمل حالات میں ہم نے انٹرنیٹ خدمات کو معطل نہیں کیا ہوتا۔ لیکن آپ جانتے ہیں کہ حالات ایسے بنے کہ ہم انٹرنیٹ خدمات بند کرنے پر مجبور ہوئے'۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'ہم چاہتے تھے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال نفرت، علاحدگی پسندی اور دہشت گردی کے پیغامات کی تشہیر کے لئے نہ ہو۔ ہم وہ روکنے میں کامیاب ہوگئے۔ آج ہم فخر کے ساتھ کہتے ہیں کہ پانچ اگست کے بعد ایک بھی انسانی زندگی ضائع نہیں ہوئی۔ یہ یقینی بنانے کے لئے لوگوں کو بعض مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انٹرنیٹ کی معطلی ان میں سے ایک ہے'۔ فاروق خان نے کہا کہ ہم بحالی کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کرسکتے ہیں لیکن صورتحال کا روزانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جارہا ہے۔
ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا: 'انسانی زندگی کو بچانا دوسری چیزوں سے بہت اہم ہے۔ صرف میڈیا کو پریشانیوں کا سامنا نہیں ہے بلکہ ہم سب مشکلات سے دوچار ہیں۔ میں کوئی تاریخ کا اعلان نہیں کروں گا لیکن انٹرنیٹ خدمات بہت جلد بحال ہوں گی'۔
قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر مسٹر مرمو نے بدھ کے روز شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران وادی کی صورتحال کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انٹرنیٹ خدمات کو مرحلہ وار طریقے سے بحال کیا جائے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے جموں وکشمیر کے مزید بٹوارے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا: 'جموں وکشمیر کی مزید تقسیم کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ جب ایسا کچھ ہوگا تو آپ کو مطلع کیا جائے گا'۔
فاروق خان نے وادی کشمیر کی صورتحال کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو باری باری رہا کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا: 'سیاسی قائدین کو چھوڑا جارہا ہے۔ وہ عمر بھر بند نہیں رہیں گے۔ صورتحال کو سنبھالنے کے لئے کچھ چیزیں ناگزیر ہوتی ہیں۔ انتظامیہ کو ایسے سخت اقدامات بھی اٹھانے پڑتے ہیں'۔
وادی میں سرما شروع ہوتے ہی بجلی اور پانی کی سپلائی متاثر ہوجانے کے بارے میں پوچھے جانے پر فاروق خان نے کہا: 'یہ قدرت کی طرف سے عطا کردہ مشکلیں ہیں جن کو ہم نے برداشت کرنا ہے۔ سرکار کے لئے جتنا بھی ممکن ہوگا ان مشکلات کو کم کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ گزشتہ ہفتے توقع سے بہت زیادہ برف باری ہوئی، لوگوں کا بہت نقصان ہوا۔ سب سے زیادہ نقصان محکمہ بجلی کا ہوا جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ میوہ باغ مالکان کا کافی نقصان ہوا۔ ہماری طرف سے جتنا ممکن ہوسکے گا وہ مدد ہم فراہم کریں گے'۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details