سرینگر (جموں کشمیر):عالمی یوم اردو کی مناسبت سے جمعرات کو سرینگر میں انجمن اردو صحافت، جموں وکشمیر، کی جانب سے ایک با وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت سینئر صحافی یوسف جمیل نے کی جبکہ ایوانِ صدارت میں جن اہم مہمانان ذی وقار نے شرکت کی؛ ان میں شعبہ صحافت کشمیر یونیورسٹی کے سابق سربراہ پروفیسر ناصر مرزا، سینئر صحافی ریاض مسرور، شعبہ صحافت کے اسسٹنٹ پروفیسر کشمیر یونیورسٹی، ڈاکٹر راشد مقبول اورانجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کے صدر ریاض ملک قابل ذکر ہیں۔
اس تقریب میں سینئر اور تجربہ کار اور عامل صحافیوں، ادیبوں، قلمکاروں اور دیگر ذی شعور شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے موضوع ’’اردو صحافت کو درپیش چیلنجز‘‘ پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اردو صحافت سے وابستہ عامل صحافیوں اور آنے والے صحافیوں کو جدید تقاضوں کے عین مطابق اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے کے لئے خود کو تیار کرنا ہوگا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں صحافت کے تقاضے تیز رفتاری کیساتھ بدل رہے ہیں۔ اور ایسے میں عامل صحافیوں خاص طور پر اردو صحافت سے وابستہ عامل صحافیوں کو صلاحیت سازی کے سانچے میں خود کو ڈھال کر مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حل تلاش کرنا ہوگا۔