سری نگر:محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادیٔ کشمیر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سلسلہ 21 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس دوران وادی کے میدانی علاقوں میں 18 اور 19 اپریل کو ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جب کہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران 20 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ 21 اپریل تک جاری رہ سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں موسم میں بہتری متوقع ہے اور بعد ازاں 22 اپریل سے 25 اپریل تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 6.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جب کہ قاضی گنڈ میں 11.0 ملی میٹر، پہلگام میں 22.4 ملی میٹر، گلمرگ میں 12.2 ملی میٹر اور کپوارہ میں 15.7 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔ ادھر وادی میں بارشوں کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت 10.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔