سرینگر:جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے ریاست گجرات کے جعلساز - کرن پٹیل - معاملے میں کشمیر کے صوبائی کمشنر وجے کمار بدھوری کو انکوائری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے اس ضمن میں حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’’وجے کمار بدھوری اس معاملے کے انکوائری کریں گے اور تمام پہلوؤں کی تفصیلی جانچ کریں گے۔‘‘
بدھوری کو اس معاملے میں افسران کی جانب سے ہوئی کوتاہیوں پر مفصل رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گجرات سے تعلق رکھنے والے کرن پٹیل نے جموں و کشمیر انتظامیہ کے سیکورٹی و سیول افسران کو یہ جھانسہ دے کر کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتر میں ایڈیشنل ڈائریکٹر (سٹریٹیجی و کمپین) کے بطور تعینات ہے، یہاں سرکاری پروٹوکول پر سیرو تفریح کی اور کئی افسران سے میٹنگ بھی کی۔ تاہم کرن پٹیل ایک جعلساز نکلا جس کو زیڈ پلس سیکورٹی دستیاب کی گئی اور سرینگر کے عالی شان ہوٹل للت میں میزبانی بھی کی گئی۔