بھارت نے عسکری کارروائی کی منصوبہ بندی میں پاکستان کے براہ راست کردار کے بارے میں ہیڈ آف مشنز کے ایک منتخب گروپ کو جانکاری فراہم کی ہے۔ یہ معلومات حال ہی میں جموں و کشمیر کے نگروٹہ میں جیش محمد کے چار عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے تعلق سے تھی۔
ذرائع کے مطابق ہیڈ آف مشنز کو ایک تفصیلی معلوماتی دستاویز فراہم کیا گیا جس میں اس واقعے کی تفصیلات پیش کی گئیں اور ساتھ ہی ان اشیاء اور گولہ بارود کی فہرست سے بھی آگاہ کیا جو ہلاک شدہ عسکریت پسندوں سے برآمد ہوئی تھی، جو ان کے پاکستانی ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سفیروں کو یہ بھی بتایا گیا کہ عسکریت پسند کیسے بھارت میں داخل ہوئے، جو سانبا سیکٹر میں زیرزمین سرنگ دریافت ہونے سے واضح ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سفیروں کو بتایا گیا کہ پولیس اور انٹلیجنس حکام کی ابتدائی تفتیش اور بازیاب شدہ اے کے 47 رائفلز اور دیگر اشیاء پر نشانات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ عسکریت پسندوں کا تعلق پاکستان میں مقیم عسکری تنظیم جیش محمد سے تھا۔