سری نگر:جموں و کشمیر میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 19 افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں اتوار کے روز 19افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں صوبے میں ایک جبکہ کشمیر ڈویژن سے 18 افراد کی رپورٹ مثبت آئی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران یونین ٹریٹری میں 2ہزار 53ٹیسٹ کئے گئے۔ دریں اثنا ڈاکٹروں نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ کووڈ کیسوں میں اچھال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے یونین ٹریٹری میں یومیہ کیسز میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر لوگوں کو بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔ طبی ماہرین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
دوسری جانب جموں کے ایس ایم جی ایس ہسپتال میں چھ نوزائیدہ بچوں اور ہیلتھ سپر انٹنڈنٹ میں کورونا کی تشخیص پائی گئی ہے۔ جس کے بعد ہسپتالوں میں الرٹ جاری کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ جی ایم سی جموں سمیت سبھی ہسپتالوں میں عملے کو الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں کے ایس ایم جی ایس ہسپتا ل میں ایک سال سے کم عمر کے چھ نوزائیدہ بچے کورونا پازٹیو پائے گئے ہیں۔وہیں ملک میں ایک بار پھر کورونا کیسز بڑھنے لگے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا کے 3824 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔