محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے اپوزیشن لیڈروں کی سیکورٹی کو کم کر دیا جس سے ان لیڈران پر حملہ ہونا آسان بن گیا۔
موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔
ٹویٹ میں انہوں نے کہا: ’حاجی پرویز احمد پر ہوئے حملے کی پرزور مذمت کرتی ہوں۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے اپوزیشن لیڈروں کی سیکورٹی کم کی ہے جس سے ان لیڈران پر حملہ ہونا آسان بن گیا ہے۔ ان لیڈروں کو نقصان پہنچنا تقریباً طے ہے کیونکہ انہیں جو تحفظ فراہم کیا گیا ہے وہ ناکافی ہے۔ منظور احمد کے اہل خانہ کو میں تعزیت پیش کرتی ہوں‘۔
دریں اثنا حملے کے بعد پی ڈی پی کے کئی لیڈران حاجی پرویز احمد کی رہائش گاہ واقع نٹی پورہ پہنچ گئے۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری غلام نبی ہانجورہ نے حملے کو سیکورٹی چوک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام لیڈروں، اس سے قطع نظر کہ وہ کس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، کو بھر پور سیکورٹی فراہم کی جانی چاہئے۔