اردو

urdu

ETV Bharat / state

'شاہ فیصل پر پی ایس اے عائد کرنے سے پارٹی کے حوصلے پست نہیں ہوں گے'

جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ نے کہا ہے کہ 'سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل پر پی ایس اے عائد کرنے سے پارٹی کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ پارٹی نے شاہ فیصل پر پی ایس اے کے اطلاق کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔'

فائل فوٹو
فائل فوٹو

By

Published : Feb 17, 2020, 7:21 PM IST

Updated : Mar 1, 2020, 3:37 PM IST

جے کے پی ایم کے ترجمان ڈاکٹر غلام مصطفیٰ خان نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا: 'ڈاکٹر شاہ فیصل جموں وکشمیر کی عوام اور نوجوانوں کی آواز کا نام ہے۔ حکومت کے اس حربے سے نہ ہی نوجوانوں کی آواز دبے گی اور نہ ہی پارٹی کے حوصلے پست ہوں گے'۔

انہوں نے کہا کہ جے کے پی ایم کی گزشتہ روز ایک ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پارٹی چیئرمین ڈاکٹر شاہ فیصل پر پی ایس اے کے اطلاق کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میٹنگ، جس میں پارٹی کے تمام عہدیداران نے حصہ لیا، میں ایک قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ڈاکٹر شاہ فیصل پر جو پی ایس اے لگایا گیا ہے یہ غیر قانونی ہے۔ پارٹی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے۔

بتادیں کہ جموں وکشمیر میں یونین ٹریٹری انتظامیہ نے گزشتہ روز جے کے پی ایم چیئرمین ڈاکٹر شاہ فیصل پر بھی پی ایس اے عائد کیا۔

شاہ فیصل کو 14 اگست 2019ء کو نئی دہلی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ امریکہ کے لئے جہاز پکڑنے کی تیاری میں تھے۔ انہیں نئی دہلی سے سرینگر واپس بھیجا گیا تھا جہاں انہیں نظربند کیا گیا۔ شاہ فیصل کا تب کہنا تھا کہ وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لئے امریکہ جانا چاہتے ہیں۔ تاہم حکومت ہند نے انہیں یہ کہتے ہوئے روکا تھا کہ شاہ فیصل سٹوڈنٹ ویزا پر نہیں بلکہ ٹورسٹ ویزا پر امریکہ جارہے تھے۔

شاہ فیصل نے اپنی گرفتاری سے ایک روز قبل یعنی 13 اگست 2019ء کو بی بی سی کے مقبول ٹی وی پروگرام ہارڈ ٹاک میں بات کرتے ہوئے اپنی گرفتاری کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا: 'پولیس مجھے بھی گرفتار کرنے آئی تھی اور مجھے خدشہ ہے کہ جب میں واپس کشمیر جائوں گا تو مجھے بھی گرفتار کر لیا جائے گا'۔

Last Updated : Mar 1, 2020, 3:37 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details