کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ کشمیر میں تمام 'سافٹ ٹارگیٹ' کو حفاظت فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔ اسی کے ساتھ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جموں و کشمیر پولیس ایک پیشہ ور فورس ہے جو حالات کو سنبھالنا بخوبی جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم لوگ یہاں امن بحال کرنے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔ موصوف انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ 'میں نے بار بار کہا کہ یہاں سیکورٹی کی کوئی چوک نہیں ہوتی ہے۔ جن لوگوں کو نشانہ بنانا آسان ہے، ان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان سافٹ ٹارگیٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن کو ہم نے سیکورٹی فراہم نہیں کی تھی۔ کیونکہ سبھی سافٹ ٹارگیٹ کو سیکورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہے'۔