حیدر پورہ تصادم آرائی کے دوران ہلاک شدہ افراد کے رشتےداروں کی جانب سے لگاتار احتجاج کے دو روز بعد بھی مظاہرین انتظامیہ کی یقین دہانی سے مطمئین نہیں ہیں۔ ہلاک شدہ عام شہری الطاف بٹ کے ایک قریبی رشتےدار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ "آج صدر پولیس اسٹیشن کے ایس ايج او نے ہمیں انسپکٹر جنرل آف پولیس (کشمیر) وجے کمار سے ملاقات کرنے کے لیے لے گیا تھا۔
ہم نے آئی جی پی کے سامنے اپنے تمام مطالبات اور خدشات ظاہر کیے۔ ہم سے بولا گیا کہ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد آپ کو اطلاع دی جائے گی۔ تب تک ہم کو انتظار کرنے کو کہا گیا ہے۔"اُن کا مزید کہنا تھا کہ "ہمارے ساتھ صرف یقین دہانی کی جا رہی ہے ابھی تک کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔ کل رات کو پہلے یقین دہانی کی، پھر دیر رات ہم کو زیر حراست لیے گیا۔ اس سے پہلے بھی دو بار یقین دلایا تھا لیکن پھر جب لاش مانگنے گئے تو دھکے مار کر باہر نکالا گیا۔ اب جمعہ کو لاش دینے کا وعدہ کر رہے ہیں دیکھتے ہیں یہ وعدہ پورا کرتے ہیں یا نہیں۔"