سرینگر:بالی ووڈ کے مشہور اداکار ریتیک روشن اور دیپیکا پاڈوکون فلم ’’فائٹر‘‘ کی شوٹنگ کے لیے کشمیر آئے تھے اور بدھ کی صبح واپس ممبئی کے لیے روانہ ہوئے۔ ایک مقامی لائن پروڈیوسر خاور جمشید نے ان کے کشمیر دورہ کے حوالہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ پیر کے روز کشمیر آئے تھے اور سخت حفاظتی حصار کے بیچ جنوبی کشمیر معروف سیاحتی مقام پہلگام میں فلم کی شوٹنگ کا کچھ حصہ انجام دیا اور آج صبح واپس (ممبئی) روانہ ہو گئے۔‘‘
خاور جمشید نے مزید کہا کہ ’’دیپیکا اور ریتیک واپس چلے گئے ہیں لیکن ٹیم کے دیگر ممبران ابھی بھی یہیں ہیں اور وادی کشمیر کے سیاحتی مقامات پر فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ آئندہ ماہ دونوں کی دوبارہ وادی کشمیر آمد متوقع ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس فلم میں اکشے اوبرائے، کرن سنگھ گروور اور انيل کپور بھی نمایاں کردار نبھا رہے ہیں اور فلم آئندہ برس جنوری مہینے کی 25 تاریخ کو ریلیز ہونے کی توقع ہے۔‘‘