سرینگر (جموں و کشمیر):چندریان 3 کی چاند پر کامیابی سے لینڈنگ کے بعد بھارت چاند کے قطب جنوبی پر کامیابی لینڈنگ کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ ایک طرف لینڈر (وکرم) اور روور (پرگیان) پر مشتمل لینڈر ماڈیول نے شام 6:04 بجے چاند کے جنوبی قطبی علاقے پر سافٹ لینڈنگ کی وہیں دوسری جانب سماجی رابطہ گاہ پر ’’اسرو‘‘ (ISRO) کو مبارکبادی اور تحنیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں بھی چندریان 3کی لینڈنگ کو براہ راست (Live) دیکھنے کے لیے تعلیمی اداروں اور شہر کے مرکز لال چوک میں انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کیے گئے تھے۔
لال چوک علاقے میں تاریخی گھنٹہ گھر کے نزدیک ایک بڑے ایل سی ڈی اسکرین پر چندریان 3کی لینڈنگ دکھائی گئی، وہیں بعض شہری بھی بڑی دلچسپی سے اس نظارے کو دیکھ رہے تھے۔ چند شائقین نے اس تاریخی کامیابی کا سہرا ’اسرو‘ کے عملہ کے سر باندھتے تے ہوئے کہا: ’’یہ سب ان ہی کی محنت شاقہ کا نتیجہ ہے، ہم بس (اس پر) خوش ہیں۔‘‘ وہیں جموں و کشمیر کے سابق وزراء اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے بھی اِسرو کے سائنسدانوں کو مبارک باد پیش کی۔