سری نگر:وادیٔ کشمیر میں امسال موسم گرما کے ابتدائی ایام قدرے سرد رہنے کے بعد گرمی نے اپنے زور آزمانے شروع کر دیے ہیں۔ محکمۂ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے 5 دنوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 23 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم بعد دوپہر یا رات کے وقت کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں اگلے 5 دنوں کے دوران موسم خشک اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 24 اور 25 جون کو ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں جس کے 60 فیصد امکانات ہیں۔
ادھر وادی میں شبانہ درجۂ حرارت بھی معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت 16.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت 9.6 ڈگری سینٹٰی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔