سرینگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں جہاں ماہ رواں کی 20 تاریخ تک موسم خشک و گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے وہیں ماہرین موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں ماہ اگست کے دوران بارش معمول سے کم ہونے کا امکان ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں ماہ رواں کے پہلے دس دنوں کے دوران 51 فیصد بارش کم ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 20 اگست تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں معمولی درجے کی بارشیں متوقع ہیں اور اس دوران دن کا درجہ حرارت 31 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
وادی کے معروف ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا ہے کہ ماہ اگست کے دوران اگرچہ کہیں کہیں ہلکی بارشوں کے مرحلوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے تاہم بڑے پیمانے پر بارشیں متوقع نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے پہلے دس دنوں کے دوران بارشوں کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔