جموں و کشمیر میں کشمیری زبان و ادب پر کام کرنے والی سب سے بڑی انجمن اور ادبی مرکز کمراز کی نو منتخب انتظامیہ کے لیے سرینگر میں ایک اعزازی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اس انجمن کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
کشمیر میوزک کلب کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کی صدارت جسٹس بشیر احمد کرمانی نے کی۔ تقریب میں پروفیسر محمد زمان آزردہ نے مہمان خصوصی کے طور شرکت کی- اس موقع پر تقریب میں سرکردہ ادباء شعرا اور فنکاروں کے علاوہ سول سوسائٹی کے ممبران بھی شریک تھے۔
نو منتخب عہدیداروں کے حق میں اعزازی تقریب چیئرمین کشمیر میوزک کلب و معروف گلوکار وحید جیلانی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا 'اس تقریب کا کا مقصد کشمیر کے فن و ثقافت اور زبان کے تحفظ کے لئے کام کرنے والے افراد کی سراہنا اور حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے زبان و ادب کے تئیں کام کرنے میں ادبی مرکز کمراز کے کردار کی خوب ستائش کی'۔
تقریب کے دوران اسکالر ریاض الحسن کی جانب سے ادبی مرکز کمراز کے بارے میں ایک مختصر اور معلوماتی خاکہ پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ ادبی مرکز کمراز کے نو منتخب صدر محمد امین بٹ نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے حاضرین کو یقین دلایا کہ ادبی مرکز کمراز کے نو منتخب عہدیداران زبان و ادب کے تحفظ کے لئے اپنی تمام ذمہ داریوں کو بحسن خوبی نبھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ادھر، پروفیسر زمان آزردہ نے کشمیری زبان و ادب کو فروغ دینے میں ادبی مرکز کمراز کی طویل تاریخ کو دہراتے ہوئے انجمن کے کام کو سراہا اور انہوں نے نئی قیادت کے تئیں نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
تقریب کے دوران دیگر کئی مہمان خطیبوں نے بھی ادبی مرکز کمراز کے حالیہ انتخابات میں محمد امین بٹ، سیداختر منصور، جاوید اقبال ماوری، شبنم تلگامی، فاروق شاہین، جمیل انصاری، مجید مجازی اور ظہور ہائیگامی کوادبی مرکز کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر اُن کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب باڈی ادبی مرکز کمراز کو آگے لے جانے اور زبان و ادب کی خدمت میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔