سرینگر: ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم 'اوپن ہائیمر' کی کشمیر میں مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ سرینگر کے واحد ملٹی پلیکس سنیما گھر میں اگلے چند روز کے لئے تمام ٹکٹیں بیچ دی گئیں ہیں۔اس ہالی ووڈ بلاک بسٹر فلم کو شاہ رخ خان کی 'پٹھان' کے بعد کشمیر میں ریلیز ہونے والی سب سے بڑی فلم قرار دیا جا رہا ہے۔
وکاس دھر جو ’ان وکس‘ کے ساتھ کشمیر کا واحد سنیما چلا رہے ہیں، نے کہا کہ اوپن ہیمر اچھا بزنس کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلا موقع ہے کہ کشمیر میں ہالی ووڈ کی کوئی فلم ہاوس فل چل رہی ہے۔ان کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم پٹھان نے ہمارے سنیما میں بہت اچھا کام کیا اور آج ہم حیران ہیں کہ ہالی ووڈ فلم اتنی بڑی تعداد میں کشمیر میں فلم دیکھنے والوں کو اپنی اور متوجہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا، "فلم کی ریلیز سے قبل ہی یہاں پر سبھی ٹکٹیں بک ہو چکی تھی اور اتوار کے روز بھی ہاؤس فل رہے گا‘‘۔وکاس دھر نے کہا کہ کشمیر کے نوجوان ہالی ووڈ فلموں کو بھی ترجیح دے رہے ہیں اور یہ ہمارے لئے ایک نیا تجربہ ہے۔بتادیں کہ سرینگر کے شیو پورہ میں ملٹی پلیکس کو 33 برس بعد پچھلے سال دوبارہ کھولا گیا تھا۔