جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کشمیر کے انتخابات ایک برس کی تاخیر کے بعد رواں مہینے کی 28 تاریخ کو منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انتخابات کی خاص بات یہ ہے کہ ایسو سی ایشن کے موجودہ صدر میاں عبدالقیوم انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے ہیں اور یہ انتخابات پہلی بار آن لائن منعقد کیے جا رہے ہیں۔
جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کشمیر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ستمبر مہینے کی 28 تاریخ کو ایسوسی ایشن کے نئے صدر، نائب صدر، جنرل سیکریٹری اور خزانچی عہدوں کے لئے انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں۔
اس ضمن میں بار ایسوسی ایشن نے امیدواروں کے لیے فارم حاصل کرنے کی مدت میں توسیع کرکے اسے آئندہ کل کی شام جمع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’موجودہ صدر میاں عبدالقیوم ناسازگار صحت کی وجہ سے انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ تاہم وادی کے کئی سینئر وکیل جن میں ظفر شاہ، جی این شاہین، اشرف غنی، نذیر احمد رونگا اور شبیر احمد بٹ مختلف عہدوں کے لیے اپنی نامزدگی فارم جمع کر چکے ہیں۔‘‘