اردو

urdu

ETV Bharat / state

Earthquake Jolts Kashmir  جموں و کشمیر میں 5.4 شدت کا زلزلہ - کشمیر زلزلہ

وادی کشمیر سمیت خطہ چناب میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ Earthquake Jolts kashmir and Chenab Valley

a
a

By

Published : Jun 13, 2023, 1:56 PM IST

Updated : Jun 13, 2023, 2:48 PM IST

سرینگر (جموں و کشمیر) :جموں و کشمیر کے گرمائی دار الحکومت سرینگر سمیت وادی چناب میں منگل کی دوپہر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ کشمیر کے علاوہ قومی دارالحکومت دہلی اور شمالی ہند کے کچھ علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلوں کے جھٹکوں سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم جھٹکے محسوس ہونے کے بعد لوگ گھروں، دکانوں اور دفاتر سے باہر نکلے۔

زلزلے کا مرکز جموں و کشمیر کا ضلع ڈوڈہ تھا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.4 ریکارڈ ہوئی ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق جموں وکشمیر میں منگل کی دوپہر ایک بجکر 33 منٹ پر زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز ڈوڈہ تھا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت5.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 6 کلو میٹر تھی۔ تاہم کسی جگہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ بتادیں کہ جموں و کشمیر زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک زون پانچ اور چار میں آتا ہے۔

یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سنٹر (EMSC) کے مطابق دوپہر 1:33 بجے آنے والے زلزلہ کا ایپی سنٹر (Epicentre) جموں اور کشمیر کے شمال مشرقی حصے میں 60 کلومیٹر گہرائی میں ٹکرایا۔ ای ایم ایس سی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے جموں و کشمیر میں محسوس کیے گئے جبکہ ایپی سنٹر ای این ای کشتواڑ سے 8 کلومیٹر دوری پر واقع ہے۔ دریں اثنا، قومی دارالحکومت دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں سمیت شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم ان جھٹکوں کے سبب کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

زلزلہ کے بعد کئی افراد نے سماجی رابطہ گاہوں پر زلزلوں سے متعلق ویڈیوز شیئر کیے اور سنہ 2005میں آئے تباہ کن زلزلوں کا حوالہ دیتے ہوئے اعزہ و اقارب کی عافیت و سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔ بعض لوگوں نے زلزلوں کے مختصر ویڈیوز بھی شیئر کیے۔ قبل ازیں، اتوار یعنی تین روز قبل ریاست آسام کے کچھ حصوں میں 3.6 شدت کے زلزلے نے پہاڑی علاقے کو ہلا کر رکھ دیا تھا، تاہم اس میں بھی کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:Ladakh Earthquake لداخ میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے، کوئی نقصان نہیں

Last Updated : Jun 13, 2023, 2:48 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details