سری نگر:محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں گرمی کا زور جمعہ تک جاری رہنے کے بعد ہفتے سے بارشوں کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 24 سے 28 جون تک موسم ابر آلود رہ سکتا ہے جس دوران رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 23 جون تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا ہی امکان ہے۔ ادھر وادی میں جہاں دن کے دوران شدید گرمی سے لوگ بے حال ہو رہے ہیں وہیں بتدریج اضافہ کے ساتھ شبانہ درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ ریکارڈ ہو رہا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت19.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 13.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔