سرینگر:محکمۂ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ’’محکمۂ موسمیات نے آنے والے دنوں میں برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ ایسے میں تمام چیف میڈیکل افسران، میڈیکل سپرنٹنڈنڈس اور بلاک میڈیکل افسران کو ہدایت جاری کی جاتی ہے کہ وہ طبی، نیم طبی عملہ، ادویات اور ایمبولنس گاڑیوں کو کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کے لیے ہمہ وقت پوری طرح تیار رکھیں۔‘‘ جاری کردہ سرکیولر میں ہسپتالوں میں بجلی، ضلع اور سب ضلع ہسپتال میں کنٹرول روم اور وادی کے تمام طبی اداروں میں گرمی کے انتظامات کو یقینی بنائے جانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ Health Department Issues Advisory Ahead of Snowfall in Kashmir
وہیں دور افتادہ علاقوں میں ایمرجنسی ادویات، آکسیجن سلینڈر اور دیگر ادویات کی فراہمی کو بھی یقین بنانے کی بھی افسران کو ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تمام افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ برف باری کے دوران اپنی اپنی جگہوں پر ڈیوٹی پر موجود رہیں جس کے لیے خاص طور پر انہیں موجود رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات کی طرف سے برف و باراں کے دو مختصر مرحلوں کی پیش گوئی کے بیچ وادیٔ کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا راج برقرار ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں دو مغربی ہواؤں کی لہروں کے داخل ہونے کا امکان ہے جن کے نتیجے میں وادی میں 7 جنوری سے موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران 8 سے 10 جنوری کو برف باری ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 11 سے13 جنوری تک وادی میں درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ ادھر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجۂ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ Weather Forecast in Kashmir
وادی کے شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجۂ حرارت منفی 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجۂ حرارت منفی 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجۂ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
مزید پڑھیں:Mercury Further Dips In Kashmir ریکارڈ توڑ سردی سے شوپیان کی آبگاہیں منجمد