سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ 19 جون سے ہائی کورٹ کی دونوں شاخوں میں 19 دن کی گرمائی تعطیلات ہوں گی جس کے پیش نظر سرینگر اور جموں ونگ کے لئے چار ججز کو بطور ویکیشن جج نامزد کیا گیا ہے۔ عدالت کے رجسٹرار جنرل کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ کے مطابق ہائی کورٹ کے دونوں - سرینگر اور جموں - بینچ گرمائی تعطیل کے تحت رواں مہینے کی 19 تاریخ سے 8 جوالائی تک بند رہیں گی۔
ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’رواں ماہ کی 19 تاریخ سے 24 تاریخ تک عدالت میں کوئی کام نہیں ہوگا۔ تاہم 26 تاریخ سے یکم جولائی تک جموں ونگ میں جسٹس راجیش سکری اور سرینگر میں جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی بطور ویکیشن جج کام کریں گے۔ اسی طرح تین جولائی سے آٹھ جولائی تک جموں ونگ میں جسٹس راہول بھرتی اور سرینگر میں جسٹس وسیم صادق ناگرال بطور ویکیشن جج کام کریں گے۔