سرینگر: جموں و کشمیر پینتھرز پارٹی کے جنرل سیکریٹری حقیقت سنگھ نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سمیت مرکزی سرکار کی سخت نکتہ چینی کی۔ حقیقت سنگھ نے میوہ صنعت سے وابستہ کاشتکاروں، کسانوں کو درپیش مسائل، شراب کی کھلے عام فروخت کی اجازت دیے جانے، غیر مقامی افراد کو ووٹ ڈالنے کا حق دینے اور پی ایم پیکیج ملازمین - کشمیری پنڈتوں - کے مسائل کو ’’جان بوجھ کو التواء‘‘ میں رکھنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ Panthers Party Slams LG Admin on Liquor Sale order
جموں و کشمیر میں شراب کی عام فروخت کی اجازت دئے جانے کے حوالہ سے حقیقت سنگھ نے کہا: ’’ہماری تہذیب کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شراب کی کھلے عام فروخت ایک غلط فیصلہ ہے جس سے ہمارا سماج بربادی کی طرف جائے گا۔‘‘ انہوں نے غیر مقامی افراد کو ووٹنگ کا اختیار دیئے جانے کی بھی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہ: ’’غیر مقامی باشندوں کو کیسے ووٹنگ کے حقوق دیے جا سکتے ہیں۔ ہماری پارٹی ان سب فیصلوں کی مخالفت کرتی ہے اور گزارش کرتی ہے کہ یہ حکم نامے واپس لیے جائیں۔‘‘ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا: ’’کیا اسی لیے یہاں گورنر راج قائم کیا گیا تھا؟‘‘ Panthers Party Slams LG Admin on Outside Voters Registration