سرینگر: سال رواں کے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 7 جون سے حج پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو 22 جون کو اختتام پذیر ہوگا۔ حج ایگزیکٹیو افسر عبدالسلام میر نے بدھ کے روز میڈیا کو بتایا کہ امسال سرینگر ہوائی اڈے پر حج پروازوں کا سلسلہ 7 جون سے شروع ہوگا جو 22 جون کو اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 7 جون کو ہوائی اڈے سے 2 حج پروازیں اٹھیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ پہلی پرواز 3 بجے روانہ ہوگی جبکہ دوسری پرواز 7 بجے شام روانہ ہوگی۔
موصوف افسر نے کہا کہ 3 بجے کی پرواز کے عازمین حج کو صبح دس بجے حج ہائوس پہنچنا ہے جبکہ 7 بجے کی پرواز والے عازمین کو 2 بجے دن حج ہائوس پہنچنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امسال بھی عازمین کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عازمین کو افواہوں پر کان نہیں دھرنا چاہئے۔