بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج جموں وکشمیر میں اپنی حریف جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گپکار الائنس میں شامل جماعتیں اس لئے دفعہ 370 کی بحالی کا مطالبہ کر رہی ہیں کیونکہ وہ بے خوف بدعنوانیاں کر سکے۔
گپکار الائنس کی تشکیل بدعنوانیوں کو چھپانے کا ذریعہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ حیرانی کی بات ہے کہ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبد اللہ نے دفعہ 370 کی بحالی کے لئے چین سے بھی مدد طلب کرنے کی بات کی ہے۔ جبکہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے قومی پرچم پر جو بیان دیا وہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے گپکار اعلامیہ پر متفق ہونے پر کانگریس صدر سونیا گاندھی سے جواب بھی طلب کیا۔
انہوں نے کہا دفعہ 370 کو منسوخ کرنے پر کانگریس کو وضاحت کرنی چاہئے کہ وہ اس (منسوخی) کے حق میں ہے یا اس کو بحال کرنے کے خواہشمند ہے۔
پرساد نے کہا پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن کا واضح ایجنڈہ ہے کہ دفعہ 370 کو بحال کیا جائے۔ اس لئے کانگریس کو جواب دینا چاہئے کہ وہ ملک کی سالمیت کے ساتھ کھڑے ہیں یا پھر انہیں 'گپکار' والوں کا ساتھ دینا ہے۔