سرینگر:سرینگر کی ایک مقامی عدالت نے گجراتی ٹھگ کرن بھائی پٹیل کی ضمانت عرضی کو یہ کہتے ہوئے نامنظور کر دیا کہ "معاملے کی حقائق میں اب تک کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔"گزشتہ روز معاملے پر سماعت کرتے ہوئے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ راجہ محمد تسلیم نے ملزم کے وکیل اور سرکاری وکیل دونوں کے دلائل پر غور کرنے کے بعد یہ مشاہدہ کیا کہ "ملزم پٹیل کرن جگدیش بھائی اپنی ابتدائی درخواست ضمانت اور موجودہ عرضی کے درمیان کوئی تبدیلی واضح کرنے میں ناکام رہے ہیں۔"
چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے سرکاری وکیل سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ "ابتدائی ضمانت کی درخواست کی طرح اس ضمانت عرضی میں کوئی میرٹ نہیں ہے اس لئے اس کو بھی نامنظور کیا جانا چاہیے۔"عدالت نے مشاہدہ کیا کہ "حال ہی میں ملزم کے خلاف پولیس نے ایک جزوی چارج شیٹ پیش کی تھی، اور معاملے کی سماعت ابھی شروع نہیں ہوئی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں نے تفتیش مکمل کرنے کے بعد ایک ضمنی چارج شیٹ پیش کرنے کی درخواست کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ ضمانت کی درخواست جاری معاملے پر لاگو نہیں ہوتی۔"
عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ "تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم پانچ دیگر ایف آئی آر میں ملوث تھا جن میں تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئی ہیں ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملزم عادی مجرم تھا اور ملزم کے خلاف مزید جرم کی نوعیت بہت سنگین ہے، کیونکہ ملزم نے سرکاری اہلکاروں کو دھوکہ دینے کی وسیع کوششیں کی تھیں۔ ان عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کی ضمانت عرضی کی درخواست کو مسترد کیا جاتا ہے۔
بتادیں کہ آپریل کے آخری عشرہ میں گجراتی ٹھگ کرن پٹیل کو گجرات پولیس نے واپس کشمیر پولیس کے سپرد کیا ہے۔ مذکورہ ٹھگ کو سرینگر کی عدالت کے ہدایت پر گجرات پولیس کے کرائم برانچ نے دو ہفتے حراست میں لیا تھا۔ ملزم کے خلاف گجرات میں جعلسازی کے کچھ مقدمات درج ہیں۔ گجرات کے شہر احمد آباد میں کرن پٹیل کے خلاف بی جے پی کے سابق وزیر جواہر چاوڈا کے بھائی جگدیش چاوڈا نے کرن پٹیل پر الزام عائد کیا ہے کہ کرن پٹیل اور ان کی اہلیہ مالنی پٹیل نے ان کو 15 کروڈ روپئے کا چونا لگایا ہے۔