سری نگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پردھان منتری آواس یوجنا گرامین کے تحت (PMAY) کے تحت غریب اور بے گھر افراد کو زمین اور مکان فراہم کرے گی اور اس سلسلے میں جلد ہی ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل پر پہلا حق غریبوں کا ہے۔ اس سے قبل حکومت کی جانب سے بے زمین لوگوں کو زمین فراہم کرنے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ ہم نے سابقہ اراضی قوانین کو ہٹا دیا ہے اور حکومت ایسے غریب افراد جن کے پاس زمین نہیں ہے، انہیں زمین بھی فراہم کرے گی اور پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت مکان بھی تعمیر کرے گی۔ اس کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ اعلان جموں کے اکھنور کے گرکھل سیما گرام پنچایت میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقعے پر سنہا نے گرکھل پنچایت کی سماجی و اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کی کوششوں کے لیے ضلع انتظامیہ کی تعریف کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گرکھل کی سرحدی گرام پنچایت اپنے باشندوں کی فعال شراکت سے ترقی کا سنہری باب لکھ رہی ہے اور اسے ایک مثالی گاؤں میں تبدیل کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہند نے پردھان منتری آواس یوجنا گرامین (PMAY-G) کے تحت مرکز کے زیر انتظام خطے جموں و کشمیر کے لیے اضافی 1,99,550 مکانات مختص کیے ہیں اور ان میں سے 19,000 سے زیادہ مکانات جموں ضلع کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ الاٹمنٹ 'سب کے لیے مکانات' کے مقصد کو حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔