جموں کشمیر انتظامیہ نے جمعرات کو ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں تمام سینئر ملازمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ پندرہ اگست کے روز منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کریں۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق "یوم آزادی ایک اہم قومی دن ہے جو ہر برس پندرہ اگست کو منایا جاتا ہے۔ چونکہ یہ بھارت کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اسی لیے تمام سرکاری ملازمین کی یہ اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس دن کے حوالے سے ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں۔"
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "سرینگر اور جموں میں قیام ملازمین جو انڈر سیکرٹری کے عہدے پر یا دیگر اعلی عہدوں پر فائز ہیں وہ پندرہ اگست کو یوم آزادی کی تقریب میں شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سری نگر یا پریڈ گراؤنڈ جموں میں شامل ہو۔"
اس کے مزید ملازمین کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ "اگر کوئی ملازم صحت ناساز ہونے کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کر سکتا تو انہیں قبل از وقت اپنے اعلی عہدیدار سے اجازت حاصل کرنی ضروری ہے۔"
جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ جس کا کام کاج خود اس یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا دیکھ رہے ہیں، نے سرکولر نمبر 19 جی اے ڈی آف 2020 مورخہ 13 اگست 2020 میں تمام سرکاری عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ 15 اگست کی تقریبات میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔
محکمے کے ایڈیشنل سکریٹری روہت شرما کی جانب سے جاری اس سرکولر میں کہا گیا ہے: 'یوم آزادی ایک اہم قومی دن ہے جو ہر سال 15 اگست کو منایا جاتا ہے۔ ہر سرکاری ملازم کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس موقع کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں'۔
سرکولر میں محکمہ ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ناظمین سے کہا گیا ہے کہ وہ ملازمین کے لئے بسوں کا انتظام کریں۔