ریڈیو کشمیر سرینگر کے ڈلگیٹ میں قائم اس اسٹیشن کا نام اب آل انڈیا ریڈیو سرینگر ہے جبکہ ریڈیو کشمیر جموں بھی آل انڈیا ریڈیو جموں ہو گیا ہے۔ ریڈیو کشمیر سرینگر اور ریڈیو کشمیر جموں کے برعکس اب آل انڈیا ریڈیو سرینگر، آل انڈیا ریڈیو جموں اور آل انڈیا ریڈیو لیہہ سٹیشن ہیں۔
اس اسٹیشن سے ایسے تمام تر بینرس، پوسٹرس اور بورڈ ہٹا لیے گئے جن پر ریڈیو کشمیر سرینگر نام تحریر تھا، اب نئے نام کو چسپان کئے جانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ حالانکہ نام کی اس تبدیلی سے اسٹیشنوں کے کام کاج میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی لیکن اس تبدیلی سے یہاں کے مقامی لوگ کافی جذباتی ہوئے ہیں۔
ریڈیو کشمیر سرینگر 1953 سے آل انڈیا ریڈیو کنٹرول میں کام کرتا آ رہا ہے۔ ریڈیو کے کئی سامعین نے بتایا کہ انہوں نے جوں ہی ریڈیو کشمیر کے بجائے آل انڈیا ریڈیو سنا تو وہ بے حد جذباتی ہو گئے کیوںکہ ریڈیو کشمیر نام ان کے لیے دہائیوں کا ساتھی تھا۔
یہاں سرینگر اسٹیشنز میں کام کر رہے ایک پروگرام پیش کرنے والے نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ جمعرات کو سبھی خبر پڑھنے والوں، میزبانوں اور ہدایت کاروں کو ہدایت ملی کہ ریڈیو کشمیر سرینگر کے بجائے آل انڈیا ریڈیو سرینگر پڑھا جائے جس کے بعد سے یہ نام تبدیل ہو گیا۔