مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ایک اور تنظیم 'تحریک حریت' کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت 'غیر قانونی تنظیم' قرار دیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "یہ تنظیم جموں و کشمیر کو ہندوستان سے الگ کرنے اور اسلامی حکومت قائم کرنے کی ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ یہ جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی کو فروغ دینے کے لیے ہندوستان مخالف پروپیگنڈہ اور دہشت گردانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔"
انہوں نے کہا کہ" وزیر اعظم نریندر مودی کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کسی بھی فرد یا تنظیم کی ہندوستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے اقدامات کو ناکام بنایا جائے گا۔" حکومت نے اس سے قبل ایک اور عسکریت پسند تنظیم مسلم لیگ جموں و کشمیر (مسرت عالم دھڑے) کو غیر قانونی تنظیم قرار دیا تھا۔علاوہ ازیں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ، جماعت اسلام اور شبیر شاہ کی تنظیم جے کے ڈی ایف پی کو بھی غیر قانونی قرار دیا ہے۔