کووڈ وبا ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین رخ اختیار کر رہا ہے۔ اس بیماری نے اب تک نہ صرف ہزاروں افراد کو ابدی نیند سلا دیا بلکہ زندگی کے مختلف شعبہ جات کو بھی بری طرح متاثر کر دیا۔ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہیں کورونا وائرس کی وبا سے فوت ہونے والوں کے لواحقین کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے متعدد فیصلے لیے گئے ہیں۔
حال ہی میں ایل جی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ بزرگ شہریوں جنہوں نے اپنے کنبے کے واحد کمانے والے رکن کو کھو دیا ہے انہیں عمر بھر کے لئے خصوصی پینشن دی جائے گی۔ کووڈ سے مرنے والے افراد کے گھر والوں کو خود روزگار کے لیے مالی امداد بھی دی جائے گی۔ وہیں اس بیماری سے اپنے والدین سے محروم ہوئے بچوں کو حکومت کی جانب سے خصوصی سکالرشپ بھی فراہم کی جائے گی۔
اس عالمی وبا نے بڑے پیمانے پر لوگوں کو بے روزگار بھی کیا۔ جموں و کشمیر ایل جی انتظامیہ نے اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام رجسٹرڈ تعیراتی کامگاروں، پونی والوں، پالکی والوں اور پٹھو والوں کو بھی فی ماہ ایک ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے ان اعلانات کا اگرچہ سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے خیر مقدم کیا ہے۔ تاہم بعض افراد کا کہنا ہے کہ خاصی تعداد میں لوگ اس وبا سے متاثر ہو رہے ہیں لہذا حکومت کو اقدامات کا دائرہ مزید وسیع کرنا چاہئے۔