جمعرات کو شام دیر گئے جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا، جس میں تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ خدمات (4جی) پر پابندی کو برقرار رکھتے ہوئے 25 دسمبر تک اس میں توسیع کردی گئی۔
جموں و کشمیر میں گزشتہ سال پانچ اگست کے بعد سے مسلسل 4 جی انٹرنیٹ سروس معطل ہے، تاہم کچھ ماہ قبل جموں و کشمیر کے دو اضلاع جن میں ادھمپور اور گاندربل شامل ہیں، میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی۔
یو ٹی انتظامیہ کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اس حکم نامے میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں ان دو اضلاع کو چھوڑ کر فی الحال 2 جی انٹرنیٹ خدمات کو معمول کے مطابق جاری رکھا جائے گا اور 25 دسمبر تک 4 جی انٹرنیٹ خدمات پر عائد پابندی برقرار رکھی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ پچھلی دفعہ سپریم کورٹ میں بھی جموں و کشمیر میں 4 جی انٹرنیٹ کی بحالی کو لیکر معاملہ زیر بحث آیا تھا، تاہم پابندی میں مسلسل توسیع کی جا رہی ہے۔