سری نگر:جموں وکشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں مئی کے آخری ہفتے میں بین الاقوامی جی ٹوینٹی سمٹ کے انعقاد کے لیے انتظامیہ کافی متحرک ہے۔ اس سمٹ کی اہمیت کو جموں و کشمیر کے عوام تک پہنچانے کے لیے انتظامیہ ہر ممکن کوشش میں مصروف ہے اور بڑے پیمانے پر اس کی تشہیر کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ طلبا میں اس سمٹ کی اہمیت کے متعلق جانکاری پہنچانے کے لیے آئے روز مختلف تقاریب کا اہتمام کر رہی ہے۔ آج ڈل جھیل کے کنارے زبرون پارک میں محکمۂ سیاحت نے اسکولی طلباء کو جی ٹوینٹی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ اس دوران ایک بڑا غبارہ جس پر جی ٹوینٹی لکھا ہوا تھا زبرون پارک میں اڑایا گیا۔ اس کے علاوہ اسکولی طلباء میں سائکل ریس کا بھی انعقاد کیا گیا۔
محکمۂ سیاحت کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹری سید عابد رشید شاہ نے اس دوران جی ٹوینٹی سے قبل منعقد کی جانے والی ان تقاریب کی اہمیت بتائی اور جی ٹوینٹی سے سیاحت کو بڑھاوے کے متعلق جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹوینٹی میں چونکہ بین الاقوامی سطح کے مندوبین سرینگر آرہے ہیں جس سے یہاں کی سیاحت کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں جی ٹوینٹی کے سمٹ ٹور ازم ورکنگ گروپ شامل ہورہے ہیں۔ لہٰذا اس سے کشمیر کی سیاحت کو ہی تشہیر و ترجیح ملے گی۔