سرینگر: بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری اشوک کول نے جمعرات کے روز کہا کہ سرینگر میں جی ٹوئنٹی اجلاس کا منعقد ہونا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ کشمیر میں حالات بہتر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کتنی تبدیلی آئی، جی ٹوئنٹی اجلاس سے ہم پوری دنیا کو یہ باور کرانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
اشوک کول نے مزید کہا کہ جن ممالک نے جموں وکشمیر کے حوالے سے ٹرول ایڈوائزری جاری کی، اس اجلاس کی بدولت وہ ختم ہونے کاامکان ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس پر امن اور بہ حسن خوبی پایہ تکمیل کو پہنچا اور اس کے لئے جموں وکشمیر کی موجودہ انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔انہوں نے بتایا کہ دفعہ 370 کی منسوخی سے یہ فرق پڑا ہے کہ اب کشمیر میں بین الاقوامی اجلاس منعقد ہو رہے ہیں۔اشوک کول کا کہنا تھا کہ جی ٹوئنٹی مندوبین پولیو ویو گئے اور وہاں پر شاپنگ بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ہم اس اجلاس کے بدولت پوری دنیا کو یہ بتانے میں کامیاب ہوئے کہ کشمیر میں حالات اب پوری طرح سے معمول پر آ چکے ہیں۔
بعض ممالک کی جانب سے جی ٹوئنٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں اشوک کول نے کہا کہ وہ ان کی اپنی سوچ ہے۔انہوں نے کہا کہ لگ بھگ سبھی ممالک کے مندوبین نے سرینگر اجلاس میں شرکت کی ۔