سرینگر: سرینگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں جی ٹوئنٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس کے دوران محکمہ ہینڈی کرافٹس نے کشمیر کی روایتی دستکاریوں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا تھا۔محکمے نے اس کے لئے کشمیر کی دستکاریوں جیسے قالین، پشمینہ شال، ووڈ کارونگ، تانبے کے برتن وغیرہ کے درجنوں اسٹال قائم کئے تھے۔محکمے نے مندوبین کے سامنے اپنے فن کا عملی مظاہرہ کرنے کے لئے کئی دستکاروں کو بھی بلایا تھا۔
ایس کے آئی سی سی میں موجود ان دستکاروں نے سرینگر میں جی ٹوئنٹی اجلاس کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کی وساطت سے ہمیں اپنی دستکاریوں کی بین الاقوامی سطح کے پلیٹ فارم نمائش کرنے کا موقع نصیب ہوا۔پیپر ماشی سے وابستہ محمد یونس شاہ جس نے ایس کے آئی سی سی میں سٹال لگایا ہوا ہے نے بتایا کہ جی ٹوئنٹی اجلاس سے واقعی میں کشمیر کے کاریگروں کو آنے والے وقت میں فائدہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جی ٹوئنٹی ممبران ممالک نے اسٹالوں کا بھی دورہ کیا اور یہاں سے شال اور قالین بھی خریدے اور آرڈر بھی دئے۔
کانی شال سے وابستہ کاریگر مشتاق احمد نے بتایا کہ جی ٹوئنٹی اجلاس غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ جی ٹوئنٹی ممبران نے سبھی کاریگروں کے سیل نمبر لئے اور یقین دلایا کہ وہ اس صنعت کے بارے میں اپنے اپنے ممالک کے لوگوں کو آگاہ کریں گے۔