سرینگر:جموں کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا کہ جی ٹوئنٹی کی میزبانی کشمیر کے لیے خوش آئند قدم ہے اور امید ہے کہ جن ممالک نے کشمیر کے متعلق ٹراویل ایڈوائزری جاری کر رکھی ہے وہ اسے ختم کریں گے اور اپنے شہریوں کو کشمیر آنے کی اجازت دیں گے۔ الطاف بخاری نے اگرچہ جموں و کشمیر میں جی ٹوئنٹی سمٹ کی میزبانی کا خیر مقدم کیا ہے لیکن خطہ کی دیگر سیاسی جماعتیں بشمول پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس نے اس پر تنقید کی ہیں۔
الطاف بخاری نے آج سرینگر میں اپنی پارٹی کے دفتر پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کرناٹک میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی پر کہا کہ انتخابات میں کسی جماعت کی جیت نہیں ہوتی ہے بلکہ جمہوریت کی جیت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کشمیر میں اسمبلی انتخابات ہوں گے تو اپنی پارٹی کسی جماعت کے ساتھ اتحاد کر کے انتخابات نہیں لڑے گی بلکہ علیحدہ انتخابات میں حصہ لے گی۔