سرینگر:جموں کشمیر کے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں اس برس مئی کے مہینے میں جی ٹوینٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں جی ٹوینٹی ممالک کے 150 شرکاء حصہ لیں گے۔یہ جانکاری جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممبران سرینگر میں ہی چند روز قیام کریں گے۔ منوج سنہا نے مزید کہا کہ جی ٹوینٹی کا دوسرا اجلاس سیاحتی مقام گلمرگ میں منعقد ہورہا ہے جس کے لئے تیاریاں کی جارہی ہے۔ جی ٹوینٹی کی میزبانی کے لئے جموں کشمیر انتظامیہ جموں سرینگر شہریوں کی تجدید نو کا کام کر رہی ہے اور ان شہروں کی سڑکوں، ڈرینیج و دیگر تعمیراتی ڈھانچے کی مرمت کی جارہی ہے۔
شہر سرینگر میں بالخصوص اسماٹ سٹی کے تحت لال چوک، پولو ویو، بلواڈ کی تجدید کی جارہی ہے۔سرینگر میں جی ٹوینٹی اجلاس بلواڈ پر واقع کشمیر کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔ جموں کشمیر انتظامیہ نے جی ٹوینٹی کی میزبانی کی تیاریوں کے سلسلے میں فائنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکرٹری) محکمہ داخلہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو تیاریوں کی نگرانی کر رہی ہے۔اس کمیٹی میں انتظامی سیکرٹری محکمہ صحت و طبی تعلیم، انتظامی سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ، جی ٹوینٹی ورکنگ گروپس کے نمائندے اور ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ صحت اور طبی تعلیم شامل ہیں۔