سرینگر (جموں و کشمیر) :جی 20 سربراہ اجلاس کے دوران مہانوں کے لیے 22 مئی کی شام ایک تفریحی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے جس میں کشمیری اور دیگر مقامی زبانوں میں گلوکار محفل سماں باندھے گے۔ معروف ڈل جھیل کے کنارے منعقد کئے جانے والے 45 منٹ کے اس میگا کلچرل شو کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں پہلی مرتبہ غیر ملکی مندوبین کو جموں وکشمیر کی ثقافت، رقص اور موسیقی کے علاوہ مقامی ثقافت سے روشناس کرایا جائے گا۔ ثقافتی پروگرام کے لئے ہائی ٹیک وسائل کو استعمال میں لایا جا رہا ہے تاکہ بہتر انداز میں یہ کلچرل شو پیش کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق فنکاروں کے لیے لباس سے لے کر زیورات اور دیگر ضروریات کی چیزیں اعلیٰ درجے کی ہوں گی۔
سرینگر کے علاوہ دیگر سیاحتی مقامات پر بھی اسی طرح کے ثقافتی پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ مہمانوں کو رقص و موسیقی سے محظوظ کیا جا سکے۔ دہائیوں بعد یہاں کی ثقافت سے متعلق 10 نئے گانے ریلیز کئے جائیں گے۔ ڈوگری، کشمیری، گوجری، پہاڑی اور بھدرواہی زبانوں میں یہ گانے پیش کئے جائے گے۔ مجموعی طور پر جی 20 مندوبین کو کشمیری تہذیب و تمدن اور ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔ ادھر، جی 20 سربراہ اجلاس پورے ملک کے لئے تاریخی موقع ہے لیکن جموں وکشمیر میں ٹورزم ورکنگ گروپ کا یہ اجلاس کئی معنوں میں اہمیت کا حامل ہے۔ لہذا تیاریوں میں کوئی کسر نہ باقی رہے اس لیے سرکاری افسران ہر چیز کو بڑی باریکی سے دیکھ رہے ہیں۔ محکمہ سیاحت، لیک کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکمہ کے افسران ہر چیز کو بین الاقوامی سطح کا بنا رہے ہیں تاکہ کشمیر کو بہترین اور خوبصورت انداز میں پیش کیا جائے۔