سرینگر (جموں و کشمیر):جموں کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں گذشتہ روز جی 20 کی ٹورزم میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔ اس دوران جہاں بیرونی ممالک سے آئے مندوبین اور ماہرین نے ایکو ٹورزم، سسٹین ایبل ٹورزم اور فلم ٹورزم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وہیں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک ڈرافٹ اور ایجنڈا بھی تیار کیا گیا جسے ریاست گوا میں ہونے والی جی 20 منسٹر یئل اجلاس کے دوران حتمی شکل دی جائے گی اور اس کے بعد بین الاقوامی تنظیم اس ایجنڈے کو عمل میں لانے کے لیے اقدام اٹھائے گی۔
بدھ کو جی ٹونٹی اجلاس کے حوالہ سے کوئی بھی میٹنگ نہیں ہونی ہے تاہم صبح سے مندوبین کو شہر کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کرایا جا رہا ہے۔ آج صبح سرینگر کے للت ہوٹل کے صحن میں مندوبین نے یوگا کی مشق کی۔ اس کے بعد انہیں تاریخی مغل باغات کی سیر کرائی گئی۔ بعد ازاں رائل اسپرنگس گالف کورس میں مندوبین گولف کھیلتے بھی نظر آئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے جھیل ڈل میں شکارا کی سواری بھی کی۔ آج سہ پہر ان کو سرینگر شہر کے تجارتی مرکز لال چوک بھی لے جایا جائے گا جہاں وہ کشمیر ہاٹ، آرٹ ایمپوریم، پولو ویو ہائی اسٹریٹ مارکیٹ اور کھیل کے میدانوں کا دورہ بھی کریں گے۔ مندوبین کو ان دوروں کے دوران کشمیری دستکاری کا لائیو ڈیمونسٹریشن بھی دیا جائے گا، ساتھ ہی وہاں کے مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ گفتگو بھی کرائی جائے گی۔