محکمہ موسمیات کے عین مطابق وادی کشمیر میں موسم میں تبدیلی آگئی ہے اور وادی کے بیشتر علاقوں میں تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع بارہمولہ شوپیاں اور بڈگام میں برفباری شروع ہو گئی ہے۔
کشمیر میں چلہ کلاں کی رخصتی کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے جاری شدید سردی کی لہر کے بعد پیر کے روز کشمیر کے تقریباً سبھی اضلاع میں درجہ حرارت میں کچھ حد بہتری آ گئ ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دار الحکومت سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سرمائی دارالحکومت جموں میں 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا ہے۔
بتادیں کہ سرینگر میں 31 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا اور جس سے سردیوں کا دو دہائیوں پر محیط پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
ادھر اونتی پورہ میں درجہ حرارت منفی 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ، بانڈی پورہ میں منفی 2.6، سوپور میں منفی 3.7، شوپیاں میں منفی 6.3، پلوامہ میں منفی 5.0، اور کولگام میں منفی 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثناء محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان اختتام پزیر ہوا ہے۔
اہلیان وادی کا ماننا ہے کہ چلہ کلان نے رواں سیزن کے دوران برسوں بعد اپنی بھر پور طاقت کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو سخت مشکلات میں ڈال دیا ہے اور اب لوگ کچھ حد تک راحت محسوس کرنے لگے ہے۔