سری نگر: وادی کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں موسم میں بہتری متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 28.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 68.0 ملی میٹر، پہلگام میں 43.7 ملی میٹر، گلمرگ میں 40.4 ملی میٹر اور ایک سینٹی میٹر برف، کوکر ناگ میں 36.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ادھر خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت7.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔