سرینگر (جموں و کشمیر):پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے دفتر کے بعد سرینگر کے زیرو برج، راج باغ میں واقع نیشنل کانفرنس کے دفاتر کو بھی پولیس نے دفعہ 370 کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر سیل کر دیا ہے۔ این سی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اس حوالے سے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’پانچ اگست 2019 کی مخالفت کرنے والی مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کی جانب سے منظم اور جمہوری سرگرمیوں پر پابندی کو مدنظر رکھتے ہوئے، نیشنل کانفرنس کے دفتر کو پولیس نے سیل کر دیا ہے۔ کسی کو دفتر کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔‘‘
این سی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ’’یہ اقدامات انتظامیہ کی گھبراہٹ کو ظاہر کرتے ہیں اور گزشتہ چار برسوں میں زبردست بہتری کے حوالے سے ان کے دعووں کو کھوکھلا ثابت کرتے ہیں۔‘‘ قبل ازیں، پی ڈی پی کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور ان کی پارٹی کے دیگر لیڈران کو بھی نظر بند ہیں وہیں شہر کے لال چوک علاقے میں واقع پی ڈی پی کے دفتر کو بھی سیل کر دیا گیا ہے اور دفتر کی جانب جانے والے تمام خارجی و داخلی راستوں کو خار دار تاروں سے سیل بند کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: Four years of 370 abrogation: دفعہ 370 کی برسی پر یوگی آدتیہ ناتھ کی مبارکباد