واضح رہے کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 25 سفارتکاروں پر مشتمل تیسرا وفد بدھ کے روز سرینگر پہنچا تھا اور سخت حفاظتی بندوبست اور ڈورن کیمروں کی نگرانی میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کی سیر کے بعد گپکار میں واقع للت گرینڈ ہوٹل میں مختلف عوامی وفود کے علاوہ کئی سیاسی رہنماؤں اور صحافیوں کے ساتھ ملاقات کی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سفارتکاروں کا وفد جو رات کو سرینگر میں ہی قیام پذیر تھا، جمعرات کی صبح بادامی باغ علاقے میں واقع فوج کی 15 ویں کور کے ہیڈکوارٹر میں جی او سی لیفٹیننٹ جنرل کے جے ایس ڈھلون سے ملاقات کی جنہوں نے وفد کو جموں و کشمیر کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ فوجی افسر کے ساتھ ملاقات کے بعد وفد جموں روانہ ہوا جہاں وہ لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو، چیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم، جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی خاتون چیف جسٹس گیتا متل کے علاوہ مختلف وفود سے ملاقات کی۔
ذرائع نے بتایا کہ وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو سرینگر میں اپنی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کی اور موصوف گورنر نے بھی وفد کو جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی کے بارے میں کئے جانے والے اقدام سے باخبر کیا۔ اس موقع پر موصوف گورنر کے مشیران، پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کے علاوہ کئی اعلیٰ حکومتی عہدیدار بھی موجود تھے۔